اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان کے صوبے سندھ کے مرکز کراچی شہر کے علاقے جہانگیر آباد میں کیش وین لوٹنے کی کوشش کے دوران ڈاکووں اور سیکیورٹی گارڈز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو سیکیورٹی گارڈز جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ کیش وین لٹنے سے بچ گئی۔ پاکستان کے ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق رضویہ سوسائٹی تھانے کی حدود جہانگیر آباد میں موٹر سائیکل سوار ڈاکووں نے کیش وین لوٹنے کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق ڈاکووں نے کیش وین پر گولیاں برسائیں۔ جواب میں سیکیورٹی گارڈ نے بھی فائرنگ کی۔ ڈاکووں کی فائرنگ سے کیش وین میں سوار دو سیکیورٹی گارڈز جاں بحق اور دو سیکیورٹی گارڈز عبدالرحمان اور حسین رضوی شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گارڈز نے جان دے کر واردات کو ناکام بنا دیا۔ جاں بحق اور زخمی سیکیورٹی گارڈز کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔واضح رہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا شہر ایک عرصے سے بدامنی کا شکار ہے اور قتل و غارت گری و ٹارگٹ کلنگ اس شہر میں روز کا معمول بن چکا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲